انکولہ:12؍مارچ (ایس اؤ نیوز)قومی شاہراہ 66کے مادنگیری کے قریب فلائی اوورتعمیر کرنے کا مطالبہ لےکر گرامین یوا ہوراٹ سمیتی کی قیادت میں قومی شاہراہ بند کرتے ہوئے احتجاج کیاگیا۔ فلائی برج احتجاج کی وجہ سے شاہراہ بند کئے جانے پر شاہراہ کے دونوں کناروں پر سواریوں کی لمبی قطاریں دیکھی گئیں۔
احتجاجیوں نے سواریوں کو ایک گھنٹہ تک روکے رکھا، مگر کوئی بھی افسر جائے وقوع پر نہیں پہنچا ۔ احتجاجی اس بات پر بضد تھے کہ کمٹہ اسسٹنٹ کمشنر اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے افسران جائے وقوع پر پہنچے اور احتجاجیوں سے بات کرے۔
اس دوران کافی وقت کے بعد جب تحصیلدار جائے احتجاج پر پہنچے تو وہاں تحصیلدار اور ضلع پنچایت ممبر پردیپ نایک کے درمیان لفظی جھڑپ شروع ہوگئی۔ احتجاج میں شریک ضلع پنچایت کے سابق صدر رمانند نایک نے متنبہ کیا کہ جب تک افسران یہاں پہنچ کر فلائی اوور تعمیر کرنے کی یقین دہانی نہیں کرائیں گے تب تک شاہراہ بند کرتے ہوئے احتجاج جاری رہے گا اس کے بعد پولس نے احتجاجیوں سے گفتگو کرتےہوئے شاہراہ پر کھڑی ہوئی سواریوں کوجانےکا موقع فراہم کرنے پر منالیا۔
نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے افسران موقع پرنہ پہنچنے پر احتجاجیوں نے سخت ناراضگی کا اظہار کیا۔